
تل ابیب : اسرائیل نے قیدیوں کی رہائی تک غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے سے انکار کردیا۔ اسرائیلی وزیرِ توانائی کا کہنا ہے کہ جب تک مغوی رہا نہیں ہوتے بجلی کا سوئچ آن نہیں ہو گا، کوئی واٹر ہائیڈرنٹ نہیں کھولا جائے گا اور نہ ہی کوئی ایندھن کا ٹرک داخل ہوگا۔ سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسکولوں، اسپتال اور اقوام متحدہ مراکز کو نشانہ نہ بنایا جائے۔ انہوں نے غزہ کو فوری پانی، خوراک اور فیول کی سپلائی کے لیے راستہ دینےکا مطالبہ کر دیا۔ گوتریس نے کہا کہ کہ اقوام متحدہ کا عملہ غزہ کے لوگوں کی مدد کے لیےکام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ مصر نے غزہ کے پناہ گزینوں کو محفوظ راہداری فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے اسرائیل پر فلسطینوں کی نسل کشی کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کا محاصرہ، جس میں پانی، بجلی اور ایندھن جیسی بنیادی اشیا کی سپلائی منقطع کر دی گئی ہے، تمام بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔


































