
قاہرہ : حماس رہنما خلیل الحیا نے کہا ہے کہ عالمی ضامنوں کی یقین دہانیوں کے بعد اب غزہ میں جنگ ختم ہو چکی ہے۔ خلیل الحیہ نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ دنیا، اہلِ غزہ کی قربانی، صبر اور ثابت قدمی پر حیران ہے۔ جنگ بندی معاہدہ قیدیوں کے تبادلے اور انسانی امداد کی فراہمی کا راستہ ہموار کرے گا۔
حماس کے سینئر رہنما اسامہ حمدان نے کہا عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کے طرزِ عمل پر نظر رکھے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرے۔ثالثی کرنے والے ممالک نے واضح ضمانتیں دی ہیں کہ اسرائیل جنگ بندی معاہدہ نہیں توڑے گا، اور اس معاہدے کے اصل ضامن امریکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کا پہلا مرحلہ فلسطینی عوام کے سب سے اہم مطالبے، غزہ پر جارحیت کے خاتمے، کو پورا کرے گا۔


































