
تہران : نومنتخب ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران عرب ممالک کے ساتھ تعمیری گفتگو اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی جریدے العربی الجدید کے لئے ایک کالم میں لکھا ہے کہ چونکہ ایرانی عوام نے مجھے صدارت کے عہدے کے لئے منتخب کیا ہے۔ اس راستے کے آغاز میں ہی اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ ہم خطے کے ممالک کے ساتھ تعمیری گفتگو اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے قدم اٹھانے پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ دیتے ہوئے علاقائی توانائی کو استعمال میں لانا چاہئے اور خطے کو مضبوط بنیادوں پر متحد کرسکیں۔ جب تک خطے میں اتحاد نہیں ہوگا روشن مستقبل کے لئے مواقع سے فائدہ نہیں اٹھاسکیں گے، خطے کے ممالک ترقی بھی نہیں کریں گے۔ خطے میں جاری بحرانوں کا حل علاقائی سطح پر اتحاد و انسجام اور چیلنجز سے مل کر مقابلہ کرنے میں پنہاں ہے۔ اس حوالے سے میں دوسرے ممالک کی طرف پہلے ہاتھ بڑھاتا ہوں۔ ایران اور عرب ممالک ہمسایہ ہیں جس کی وجہ سے علاقائی اور عالمی سطح پر دونوں کے مفادات مشترک ہیں۔ ہم دنیا کو عالمی طاقتوں کے مفادات کی بنیاد پر تقسیم کرنے کے مخالف ہیں۔ ہم بین الاقوامی اداروں میں مسلمانوں کی عقائد کو اہمیت دینے کے قائل ہیں۔ اسلامو فوبیا سے مقابلہ کرنے کے لئے ہماری ذمہ داریاں مشترک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فلسطین پر غاصبانہ قبضے کا حل ہمارا مشترکہ مسئلہ ہے۔ ایران صیہونی حکومت کی جارحیت اور بربریت کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی مقاومت کو احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے خودمختار فلسطین کی تشکیل کی حمایت کرتا ہے تاکہ صیہونی حکومت کو نسل کشی سے روکا جاسکے.


































