
قم المقدس : تکفیری دہشتگرد ٹولے داعش کے ہاتھوں افغان شیعہ برادری کے قتل عام کے خلاف ایران کے مقدس شہر قم میں علما و طلاب نے مظاہرہ کیا۔ بی بی معصومہ قم (س) کے حرم مبارک سے متصل مدرسہ فیضیہ میں ہزاروں علما اور طلاب اکٹھا ہوئے اور داعش کے ہاتھوں افغان شیعہ برادری کے قتل عام کی شدید مذمت کی۔ احتجاج میں حوزہ ہائے علمیہ اور دینی مدارس کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی اور فقہا و مجتہدین کی کونسل کی پریزائڈنگ کمیٹی کے رکن آیت اللہ سید احمد خاتمی اور غیر ملکی طلبا بھی شریک ہوئے۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر افغانستان میں شیعہ مسلمانوں کی مساجد میں کئے جانے والے دہشت گردانہ حلوں کی مذمت اور اسی طرح مظلوم اور نہتے افغان عوام کی حمایت اور ان کو تحفظ فراہم کرنے کے مطالبات درج تھے۔اس اجتماع کے اختتام پر ایک قرارداد بھی پاس کی گئی جس میں افغانستان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت اور قندوز و قندھار کی مساجد میں شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کو انسانیت کے خلاف وحشیانہ ترین جرم قرار دیا گیا۔


































