
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کا احتجاجی مارچ تمام رکاوٹیں عبور کرکے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گیا۔ خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں سے آنیوالے ہزاروں افراد کے قافلوں کو جگہ جگہ پولیس اور نیم فوجی دستوں کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس سے شدید جھڑپوں کے باوجود مارچ کے شرکا آج صبح سویرے دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہوگئے۔ یہاں بھی پولیس نے انہیں روکنے کیلئے شدید شیلنگ کی۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ حکومت نے ریڈ زون کے تحفظ کیلئے رات گئے فوج تعینات کردی۔ تاکہ مظاہرین کو ریڈزون میں واقع ڈی چوک تک پہنچنے سے روکا جائے۔ رات گئے حکومت اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوئے لیکن ناکام رہے۔ پولیس فائرنگ سے اب تک کئی مظاہرین زخمی ہوچکے ہیں۔ مظاہرین کے تشدد سے دو پولیس اہلکار اور تیز رفتار گاڑی سے گر کر چار رینجرز اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ سو سے زیادہ اہلکار زخمی ہیں۔


































