
کراچی: علامہ حسنین وجدانی کی سعودی عرب میں جبری گمشدگی کے خلاف چیئرمین گلگت بلتستان عوامی تحریک وزیر حسنین رضا کی قیادت میں کراچی میں محفل شاہ خراسان پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاج میں عوام کی کثیر تعداد شریک تھی۔ احتجاج سے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی رہنما ناصر حسینی، گلگت بلتستان عوامی تحریک کے رہنما وزیر حسنین رضا اور دیگر نے کہا کہ ہم ہر طرح کے ظلم و ستم کے خلاف ہیں۔علامہ حسنین وجدانی کو گزشتہ کئی ماہ سے سعودی عرب کی جیل میں ہیں، ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں اور پاکستان کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے اثرو رسوخ کو بروئے کار لاتے ہوئے ملت کے اس سرمائے کو واپس لانے کےلئے اپنا کردار ادا کرے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ علامہ حسنین وجدانی کی رہائی عمل میں نہ آئی تو احتجاج کو وسعت دے کر تحریک میں تبدیل کردیں گے۔ مقررین نے غزہ پر اسرائیلی بربریت، شام، عراق، لبنان، ایران اور دیگر ممالک میں امریکی اور اسرائیلی بربریت اور ظلم و ستم اور گلگت بلتستان میں تاجروں کے احتجاج میں لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی بھرپور مذمت کی۔


































