
تہران: برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ لگانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ایران نے خبردار کیا ہےکہ جلد اس کا جواب دیا جائے گا۔
تینوں ممالک نے سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں الزام لگایا ہےکہ ایران نے جوہری پروگرام سے متعلق وعدوں کی پاسداری نہیں کی۔ تینوں ممالک نے 30 روزہ عمل شروع کیا ہے تاکہ دوبارہ پابندیاں نافذ کی جا سکیں۔ بصورتِ دیگر انہیں اکتوبر کے وسط تک یہ اختیار کھونے کا خدشہ تھا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے فرانسیسی، برطانوی اور جرمن ہم منصبوں سے فون پر گفتگو میں اس اقدام کو غیر منصفانہ، غیر قانونی اور کسی قانونی بنیاد کے بغیرقرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ذمہ داری کے ساتھ اور نیک نیتی کے ساتھ جوہری مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری پر عمل کیا ہے۔ ایران اپنے قومی حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے مناسب ردعمل دے گا۔


































