
اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے لبنانی ہم منصب نجیب میقاتی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بیروت کے راستے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے فوری انخلا میں سہولت فراہم کرنے کیلئے ذاتی مداخلت اور مدد کی درخواست کی۔ لبنانی وزیراعظم نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور اصولی مؤقف پر وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان گرمجوشی پر مبنی برادرانہ تعلقات کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز کو یقین دلایا کہ لبنان شام سے پاکستانیوں کے انخلا میں ہر ممکن مدد کرے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے شام اور لبنان میں تعینات پاکستانی سفراء سے بھی رابطہ کیا اور انہیں شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے حوالے سے ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔


































