
واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی سے متعلق اراکین کانگریس کا خط امریکی صدر جوبائیڈن کو موصول ہوگیا ہے۔ میتھیو ملر نے امریکی معاون سیکرٹری مونیکا جیکب سن کی انسانی حقوق کے وفاقی سیکرٹری اللہ ڈینو خواجہ سے ملاقات کے سوال پر کہا کہ اس ملاقات میں انسانی حقوق، مضبوط جمہوری اداروں کے جامع پاک امریکا تعلقات میں کردار پر زور دیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو برقرار دیکھنا چاہتے ہیں، اس میں جمہوریت میں حصہ لینے اور ان کی بنیادی آزادیوں کو بروئے کار لانے کا حق شامل ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی ایوان نمائندگان کے 60 سے زائد اراکین نے سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے کیلئے امریکی صدر جو بائیڈن کو خط لکھا تھا۔اراکین پارلیمان نے اپنے خط میں جو بائیڈن سے سابق وزیراعظم سمیت پاکستانی جیلوں سے سیاسی قیدیوں کی رہائی کی کوششوں کیساتھ پاکستان کے بارے میں امریکی پالیسیوں میں انسانی حقوق کو مرکز بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔


































