
بغداد : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی درخواست پر عراق سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کے درمیان براہ راست مذاکرات کی میزبانی کرے گا۔ یہ بات عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے بتائی ۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کی درخواست پر عراق دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات کی تیاری کر رہا ہے۔ کوشش کر رہے ہیں کہ وزرائے خارجہ کو مدعو کرنے کا بہترین وقت نکالا جائے۔ اس حوالے سے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے رابطہ کیا ہے اور انہوں نے مذاکرات کے لئے آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات عوامی سطح پر ہوں ۔پچھلے مکالموں کے برعکس جو خفیہ اور انٹیلی جنس اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان منعقد کیے گئے تھے۔


































