
پاراچنار : پاراچنار میں امن مارچ کے شرکاء اور انتظامیہ کے درمیان راستے کھولنے پر مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ جرگہ رکن رضا حسین نے میڈیا کو بتایا کہ امن جرگہ نے راستے کھولنے اور محفوظ بنانے کے لئے حکومت کے ساتھ طویل مذاکرات کئے مذاکرات میں امن جرگہ، انتظامیہ اور فورسز نے مذاکرات میں حصہ لیا، جس میں راستے کھولنے اور محفوظ بنانے کےلیے بات چیت ہوئی۔ قبائلی رہنما جلال بنگش نے کہا کہ حکومت نے مرکزی شاہراہ کو محفوظ بنانے پر اتفاق کیا، پہلے مرحلے میں قافلے کی صورت میں آمد و رفت کی اجازت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکزی شاہراہ کو اگلے ہفتے سے آمد و رفت کےلیے کھول دیا جائے گا، شاہراہ پر اضافی چیک پوسٹ قائم اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ 28 روز سے پشاور پاراچنار مین شاہراہ کی بندش کے خلاف امن مارچ اور احتجاجی دھرنا شروع کیا گیا تھا۔ قبائلی رہنما تجمل حسین نے کہا کہ شاہراہوں کی بندش کی صورت میں دوبارہ احتجاج شروع کرینگے۔ بارہ اکتوبر کو مقبل قبائل کے مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سکیورٹی خدشات کے باعث راستے عام آمدورفت کےلئے بند کئے گئے تھے۔


































