
رام اللہ : فلسطینی وزارت خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے نئے منصوبے فلسطینی ریاست کے قیام کے کسی بھی امکان کو کمزور کردیں گے۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی منصوبے مغربی کنارے میں تشدد مزید بھڑکانے۔ نسل کشی، نقل مکانی اور الحاق کے جرائم میں اضافے کا سبب بنیں گے۔ بیان میں کہاگیاہے کہ کالونیوں کی بے لگام توسیع، درجنوں نئی نوآبادیاتی چوکیوں کی تعمیر اور مغربی کنارے کے بڑے حصوں پر قبضہ منصوبے کا حصہ ہے۔ بیان کے مطابق اسرائیلی کارروائیوں کا مقصد مغربی کنارے کو ٹکڑے ٹکڑے کرنا، فلسطینیوں کی آزادانہ نقل و حرکت اور روزی روٹی تک رسائی کی صلاحیت کو کمزور کرنا اور عیسائیوں اور اسلامی مقدس مقامات کو نشانہ بنانا ہے۔
بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جارحیت اور ان کے حقوق کی پامالی کو روکنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرے۔


































