
نیویارک : اقوام متحدہ میں منعقدہ فلسطین کانفرنس میں دو ریاستی حل کا اعادہ اور خطے میں استحکام، سلامتی اور امن کے قیام کیلئے عملی اقدامات اٹھانے پر زور دیا گیا ہے۔
کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے میں غزہ جنگ کے خاتمے، مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی فورسز کے انخلا، اور انسانی امداد کی مکمل اور بلا رکاوٹ فراہمی پر زور دیا گیا۔ بیان میں دنیا کے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ اعلان نیویارک کو عملی اور ناقابل واپسی اقدامات کے ذریعے جلد نافذ کریں۔ بیان میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ کانفرنس کے دوران غزہ میں انسانی المیہ شدید تر ہو رہا ہے۔ اسرائیلی زمینی حملے جاری ہیں اور شہریوں کو ناقابل جواز قیمت چکانا پڑ رہی ہے۔ اس تناظر میں اعلان نیویارک کو تشدد اور جنگوں کے تسلسل کا واحد حقیقی اور عملی متبادل قرار دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں دونوں کے لیے محفوظ مستقبل کی ضمانت ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک عارضی بین الاقوامی مشن کی تعیناتی کی حمایت کی گئی جو فلسطینی اتھارٹی کی درخواست اور سلامتی کونسل کے مینڈیٹ کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔ کانفرنس کے دوران فرانس۔ مالٹا۔ بیلجئم ۔لکسمبرگ۔ موناکواور اندورا نے فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔


































