
اسلام آباد: پاکستان جمہوریت کی درجہ بندی میں کمی سے گذشتہ سال بدترین کارکردگی دکھانے والے ممالک میں شامل ہوگیا۔
اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) کے جاری کردہ ڈیموکریسی انڈیکس کے مطابق جمہوریت کی درجہ بندی میں پاکستان کی چھ درجے تنزلی ہوئی ہے اور یہ دس بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ممالک میں آگیا ہے۔ انڈیکس کے مطابق پاکستان 2.84 اسکور کے ساتھ عالمی سطح پر ایک سو پینسٹھ ممالک میں ایک سو چوبیس ویں نمبر پر آگیا ہے اور اسے ایک آمرانہ حکومت کے طور پر درجہ بندی کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں انتخابی جوڑ توڑ، تفرقہ انگیز سیاست اور سیاسی بدامنی کو پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں بڑے چیلنجز کے طور پر اجاگر کیا گیا اور گذشتہ سال فروری میں ہونے والے پاکستان کے عام انتخابات میں سیاسی جبر اور مداخلت کے الزامات کا حوالہ دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارت جیسے ممالک میں جمہوری عمل کو شدید خطرات کا سامنا ہے۔ دھوکہ دہی اور تشدد سے خطے میں انتخابات کو نقصان پہنچا ہے۔


































