
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ طالبان حکومت کے خاتمے اور انہیں دوبارہ غاروں میں دھکیلنے کے لیے معمولی قوت چاہیے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ جنگ کے خواہاں طالبان عناصر نے شاید پاکستان کی طاقت اور عزم کا غلط اندازہ لگایا اور اگر طالبان لڑائی پر آمادہ ہیں تو دنیا ان کی دھمکیوں کو محض ایک تماشا سمجھے گی ۔
انہوں نے افغان طالبان کو سخت الفاظ میں خبردار کیا کہ اگر وہ اسلام آباد کے عزم کو آزمانا چاہتے ہیں تو ’اپنے انجام اور بربادی پر‘ آزمائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر کسی بھی دہشت گردانہ حملے یا خودکش دھماکے کی صورت میں ہم آپ کو ایسی مہم جوئیوں کا تلخ ذائقہ ضرور چکھائیں گے۔ انہوں نے لکھا کہ ’افغان طالبان اگر چاہیں تو تورابورا میں ان کے فرار کے مناظر دوبارہ دیکھنے کو مل سکتے ہیں اور افغان طالبان کے فرار کی حالت خطے کے عوام ضرور دیکھنا پسند کریں گے۔


































