
اسلام آباد: وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر پاکستان کی جانب سے غزہ کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کردیا گیا۔ غزہ کے لیے امدادی سامان کی فراہمی کے حالیہ سلسلے میں مزید 200 ٹن امدادی سامان 2 خصوصی پروازوں کے ذریعے روانہ کیا گیا، اسلام آباد انٹر نیشنل ائیرپورٹ سے 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 18ویں کھیپ بذریعہ خصوصی پرواز روانہ کی گئی، قبل ازیں 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 17 ویں کھیپ 7 اگست کو روانہ کی گئی تھی۔
18 ویں کھیپ میں 100 ٹن امدادی سامان بشمول راشن بیگز، تیار کھانا اور ادویات روانہ کیا گیا ہے، اب تک 18 امدادی کھیپوں کے ذریعے بھیجی گئی امداد کا مجموعی وزن 1815 ٹن ہے۔
سامان روانگی کی تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر فلسطینی سفیر سمیت حکومتی نمائندے اور این ڈی ایم اے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔


































