
راولپنڈی : پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کا بیان حقائق کے منافی قرار دے دیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دینے کا بیان منافقت کی کلاسیکل مثال ہے۔ یہ بیان کشمیر میں جاری مظالم، اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک، اور بھارت کی سرحد پار جبر کی پالیسیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہاکہ عالمی برادری بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے غافل نہیں۔ بھارت کے نفرت انگیز بیانیے اور مظالم نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے عزم کو مزید مضبوط کیا ۔ بھارتی فوجی افسر پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے گرفتار ہوا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف کے بیانات غیر پیشہ ورانہ اور سیاسی مقاصد پر مبنی ہیں۔ بھارتی فوجی قیادت کو سیاسی مفادات کے بجائے پیشہ ورانہ رویہ اپنانے کی ضرورت ہے۔
ترجمان نےکہا کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے کسی غیر موجودہ ڈھانچے کا پروپیگنڈا کرنے کے بجائے حقیقت کو تسلیم کرنا بھارتی قیادت کے لیے بہتر ہوگا۔یہ حقیقت کہ ایک سینئر بھارتی فوجی افسر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ بھارتی آرمی چیف نے اس بات کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا۔ بھارتی فوج کی قیادت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ سیاسی ضرورتوں کے بجائے شائستگی، پیشہ ورانہ طرز عمل اور ریاستی تعلقات کے اصولوں کو مدنظر رکھے۔


































