
استنبول : وزیراعظم شہبازشریف اور ترک صدر طیب اُردوان نے مختلف شعبوں میں کثیر الجہتی تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچے۔ وزیر اعظم نے رجب طیب اردوان سے پرتپاک اور خوشگوار ملاقات کی۔ جس میں تعلقات کو مزید تقویت دینے اور علاقائی امن، پائیدار ترقی اور اپنے عوام کی مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کیا گیا۔ ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا جو مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ وژن سے عبارت ہیں۔


































