
ریاض : پاکستان اور سعودی عرب نے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کردئے۔ معاہدے کے تحت کسی بھی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔
یہ معاہدہ دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کےلیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے اور پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور فراخدلی سے مہمان نوازی پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔


































