
تہران : پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے درمیان ملاقات میں اربعین اور محرم کے دوران زائرین کے لیے پاک ایران بارڈر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ایرانی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پانچ ہزار پاکستانی زائرین کو ایرانی حکومت مشہد میں قیام و طعام کی سہولتیں دے گی۔ ایرانی حکومت زائرین کیلئے بارڈر سے عراق تک خصوصی انتظامات کرے گی۔ ملاقات میں زائرین کی سہولت و دیگرمسائل کے فوری حل کیلئے ہاٹ لائن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ ساتھ ہی مشہد میں پاکستانی زائرین سے متعلق پاک ایران، عراقی وزارت داخلہ کی سہ ملکی کانفرنس کا فیصلہ ہوا۔ زائرین کی سکیورٹی کیلئے پروازوں کی تعداد بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا، اس حوالے سے لائحہ عمل جلد ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا، محسن نقوی اور اسکندر مومنی میں بحری راستے سے بھی زائرین کو ایران، عراق بھجوانے پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں پاک ایران تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ، انسداد منشیات کیلئے تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان میں بہترین تعلقات ہیں، پاکستان کی سیکیورٹی ہمارے لئے اہم ہے، زائرین کی خدمت ہمارا مذہبی فریضہ ہے۔


































