
غزہ: صیہونی حکومت خون کی ہولی کھیلنے سےباز نہ آئی۔ رات بھر غزہ میں مختلف مقامات پر حملے جاری رکھے۔ اسرائیلی حملوں میں چوبیس گھنٹوں کے دوران سو سے زائد افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے رفح شہر میں رہائشی کمپلیکس کو نشانہ بنایا۔ جس سے کئی افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ فضائی حملوں میں رفح میں المصری ٹاور کی بالائی منزل کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ جنگی طیاروں نے دیرالبلاح میں بھی رہائشی عمارت پر بم برسائے جس سے عمارت تباہ ہوگئی اور دس افراد شہید اور 22 زخمی ہوگئے۔ شمالی غزہ میں بھی مختلف علاقوں پر حملے کئے گئے۔ جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں دو گھروں پر اسرائیلی بمباری کے باعث 40 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے 12 فلسطینیوں کو غزہ بندرگاہ کے قریب بھی نشانہ بنایا۔ البکری ہاؤس پر حملےمیں ایک ہی خاندان کے 7 افراد شہید ہوگئے جبکہ الزیتون علاقے میں گھروں پر 20 بم برسائے گئے جس سے تمام گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔


































