
القدس : یہودی تہوار عید العریش کے تیسرے روز سینکڑوں صیہونی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا۔ جبکہ مسجد ابراہیمی کو مسلمانوں کے لیے بند کردیا گیا۔ عید العریش پر سینکڑوں صیہونی آبادکار مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں داخل ہوئے اور البراق اسکوائر پر منعقدہ پادریوں کی برکت کے عنوان سے جشن کی تقریب میں حصہ لیا۔ مسجد اقصیٰ کے حملہ آوروں میں سابق وزراء اور کنیسٹ ارکان بھی تھے جنہوں نے مشرقی القدس کی گلیوں میں گھومنے کے بعد مسجد کے صحنوں میں تلمودی رسم ادا کی۔ الاقصیٰ پر بڑے پیمانے پر یہودیوں کی یلغار ہیکل گروپوں کی اپیل پر کی گئی۔ سات روزہ عید العریش کا تہوار جمعہ تک جاری رہے گا۔ آباد کاروں کے دھاوے کے دوران اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری مسجد کے اطراف میں تعینات رہی اور مسجد اقصیٰ کے اندر اور باہر فلسطینیوں کو روکنے کیلئے ان پر حملے کئے۔ اُدھر صیہونی حکومت نے یہودی تہوار کے موقع پر تاریخی مسجد ابراہیمی کو مسلمانوں کیلئے بند کردیا۔ جبکہ مسجد کے تمام حصوں کو صیہونی آباد کاروں کے لیے کھول دیا تاکہ وہ مسجد کے اندر اپنی عبادات انجام دے سکیں۔


































