
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر انتخابی شیڈول جاری کردیا۔ جس کے تحت ملک بھر میں عام انتخابات کا انعقاد 8 فروری کو کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں اراکین نے عدالتی فیصلے کے بعد کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ شیڈول کے مطابق امیدوار 20 سے 22 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرواسکیں گے جس کے بعد امیدواروں کی فہرست 23 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔ 12 جنوری 2024 کو امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی جائے گی جبکہ 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں کی صوبائی نشستوں پر بھی اسی شیڈول کا اطلاق ہوگا۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرکے الیکشن شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔


































