
جدہ : اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں پر اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ اسرائیل نے فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی کا ارتکاب کیا ہے۔
او آئی سی نے ایک بیان میں عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ فوری اقدام اٹھا کر غزہ میں جاری نسل کشی کو روکا جائے اور ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج کا غزہ سٹی پر زمینی حملہ، شہریوں کو بھوکا رکھنے کی پالیسی، تباہی اور جبری بے دخلی نسل کشی کا تسلسل ہے جو نہ صرف انسانی بحران کو شدید تر کر رہا ہے بلکہ پورے خطے کو سنگین بحران کی طرف دھکیل رہا ہے۔ او آئی سی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اور جامع جنگ بندی پر عملدرآمد کرایا جائے محاصرے اور بھوک کو ختم کیا جائے، غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اور عالمی عدالت انصاف کے 2024 کے عبوری فیصلے کے مطابق ضروری اقدامات کیے جائیں۔


































