
جنیوا : اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں کوئی جگہ محفوظ نہیں رہی۔ تباہی میں سب کا کچھ نہ کچھ حصہ ہے، مگر ایک ہی فریق یعنی فلسطینی بچے اور بچیاں قربانی دے رہے ہیں۔
جیمز ایلڈر نے بتایا کہ غزہ سٹی میں اب بھی ہزاروں بچے موجود ہیں جو ملبے پر ننگے پاؤں چلتے ہوئے اپنے بزرگوں کو سہارا دینے کو کوشش کررہے ہیں، جو ہاتھوں یا پاؤں سے محروم ہوچکے ہیں اور گرد و غبار میں اپنے آپ کو کسی طرح گھسیٹ رہے ہیں، اور زخموں سے چور مائیں اپنے زخمی اور خون بہتے ہوئے نونہالوں کو گود میں اٹھائے چلنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچے مسلسل فضائی حملوں کے زیر اثر لرز رہے ہیں اور ان پر مسلط منطق ظالمانہ اور متضاد ہے۔
ایلڈر نے کہا کہ عام شہریوں کو دیے گئے اجتماعی انخلاء کے احکامات کا مطلب یہ نہیں کہ جو پیچھے رہ جائیں وہ اپنی شہری حیثیت کھو دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی قانون کی اصل طاقت کاغذ پر نہیں بلکہ اقوام کے عزم میں ہے جو اسے قائم رکھتی ہیں۔


































