
رام اللہ : اسرائیل نواز فلسطینی تنظیم فتح کے سیکرٹری جنرل جبرائل الرجوب نے کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی غزہ میں صرف ایک ہی اتھارٹی، ایک ہی قانون اور ایک ہی ہتھیار کو قبول کرے گی۔ جبرائل الرجوب نے واضح کیا کہ فلسطینی اتھارٹی جنگ کے بعد غزہ میں شہری اور سکیورٹی انتظامات میں حصہ لینا چاہتی ہیں، لیکن اسرائیلی حکومت اصلاحات کے بغیر فلسطینی اتھارٹی کی واپسی کے حق میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ کا معاملہ فلسطینی فریقوں کے درمیان عرب ممالک، خاص طور پر مصر کی نگرانی میں زیرِ بحث اور اتفاق ہونا چاہیے۔ لرجوب نے مزید کہا کہ تمام فلسطینی مسلح گروہوں کو، چاہے وہ حماس ہو یا فتح، اپنے ہتھیار چھوڑنے ہوں گے۔ غزہ میں کسی بھی ملیشیا یا مسلح گروہ کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اگر حماس سیاسی منظرنامے میں جائز حصہ بننا چاہتی ہے تو اسے پی ایل او کے سیاسی پروگرام اور بین الاقوامی وعدوں کو قبول کرنا ہوگا، جس میں اسرائیل کو تسلیم کرنا اور انیس سو سڑسٹھ کی لائنز پر فلسطینی ریاست قبول کرنا شامل ہے۔


































