
نئی دہلی : ہندوستان میں اٹھار ویں لوک سبھا کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھالیا۔ نریندر مودی سمیت مختلف جماعتوں کے ارکان سے اسپیکر بھرتری ہری مہتاب نے حلف لیا۔ حلف برداری کے بعد پارلیمنٹ کا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ آج بھی باقی رہ جانے والے ارکان حلف اٹھائیں گے۔ جبکہ اسپیکر کے الیکشن کا شیڈول جاری ہوگا۔ چھبیس جون کو اسپیکر کا چناؤ ہوگا۔ اجلاس سے قبل انڈیا اتحاد کے لیڈروں نے پارلیمنٹ کے احاطے میں آئین کی کاپی پکڑ کر احتجاج کیا۔ سونیا گاندھی، راہول گاندھی، کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے سمیت کئی لیڈروں نے احتجاج میں حصہ لیا۔ اراکین پارلیمنٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور حکومت پر آئین کی توہین کرنے کا الزام لگایا۔


































