
تل ابیب : جنگی جنونی صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ جب تک غزہ کے تمام علاقے مکمل طور پر اسرائیلی کنٹرول میں نہیں آجاتے جنگ جاری رہے گی۔ صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ وہ جنگ اُس صورت میں ختم کرنے کے لیے تیار ہیں جب کچھ واضح شرائط پوری ہوں جو اسرائیل کی سلامتی کو یقینی بنائیں۔ انھوں نے کہاکہ ان شرائط میں تمام یرغمالیوں کی رہائی، حماس کا ہتھیار ڈالنا، اس کی قیادت کا غزہ سے جلاوطن ہونا اور علاقے کو مکمل طور پر غیر مسلح کیا جانا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد شہریوں کے تحفظ کے لیے ایک مخصوص زون قائم کیا جائے گا۔ نیتن یاہو نے مزید کہا کہ جو غزہ چھوڑنا چاہتے ہیں انھیں جانے کی اجازت دی جائے گی۔ نیتن یاہو نے کہا کہ جو لوگ جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ غزہ پر حماس کی حکمرانی برقرار رہے۔ صیہونی وزیراعظم نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے ممکنہ طور پر حماس کے رہنما محمد سنوار کو ہلاک کر دیا ہے۔


































