
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کے ارکان کو کل (بروز پیر) ملاقات کیلئے بلا لیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومتی کمیٹی کی تشکیل پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کا اقدام خوش آئند ہے، نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی۔
سردار ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کے لیے دونوں کمیٹیوں کے اراکین کو پیر کے روز ساڑھے 11 بجے ملاقات کی دعوت دی ہے، دونوں کمیٹیوں کے اراکین سے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں ملاقات کروں گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ ،سینیٹر عرفان صدیقی شامل ہیں،راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان اور چودھری سالک حسین بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ رات چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی، بیرسٹر گوہر نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر زور دیا تھا۔


































