
کراچی : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن نے محرم کے پیش نظر مرکزی عزاداری سیل کے قیام کا اعلان کر دیا۔ اس سیل کا بنیادی نصب العین تحفظِ عزاء، عزاخانہ و عزادار قرار دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عزاداری سیل کے سرپرست علامہ شیخ محمد صادق جعفری ہوں گے جبکہ دیگر میں سید رضی حیدر رضوی، علامہ مبشر حسن، سید محمد میاں، سید زین رضا رضوی شامل ہیں۔ ترجمان مجلس وحدت مسلمین کراچی کے مطابق مرکزی عزاداری سیل شہرِ قائد میں مجالس، جلوس ہائے عزاء، اور دیگر عزاداری کے اجتماعات کے تحفظ، رُکاوٹوں کے ازالے اور ضابطۂ اخلاق پر عملدرآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا۔ مرکزی عزاداری سیل عزاداروں کو درپیش ممکنہ مسائل کے فوری حل کے لیے دن رات متحرک رہے گا تاکہ محرم الحرام میں عزاداری کا ماحول پرامن اور باوقار طریقے سے قائم رکھا جا سکے۔


































