
کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع مستونگ میں الفلاح روڈ پر خودکش دھماکے سے 54 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکا جشن میلاد النبیؐ کے جلوس سے قبل مدینہ مسجد کے قریب ہوا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں ڈی ایس پی مستونگ پولیس بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مدینہ مسجد پر میلاد النبی (ص) کے جلوس کےلئے جمع تھے کہ خودکش دھماکہ ہو گیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں جہاں سے زخمیوں کو نواب غوث بخش اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق مستونگ کے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔ دھماکے کے بعد مستونگ کے علاوہ کوئٹہ کے سول اسپتال میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔اسپتال حکام کے مطابق تمام ڈاکٹرز ، فارماسسٹ ، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ایمرجنسی ڈیوٹی پر طلب کرلیے گئے ہیں۔
بلوچستان حکومت نے صوبہ میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔


































