
نئی دہلی : ہندوستان میں مسلمانوں کے دینی ادارے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور جماعت اسلامی ہند نے فلم ہم دو اور ہمارے بارہ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا۔ مسلم پرسنل بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے کہا ہے کہ اس بات پر انتہائی حیرت اور تعجب ہے کہ کس طرح فلم سنسر بورڈ نے اس لغو، گمراہ کن، اشتعال انگیز اور ایک فرقہ کو بدنام کرنے والی فلم کی نمائش کی اجازت دی ہے۔ انہوں نےکہا کہ فلم کے ٹائٹل۔ اسکے تھیم، اس کی پوری کہانی اور مکالموں کے ذریعہ صرف ہندوستانی مسلمانوں کی شبیہ ہی بگاڑنے کی کوشش نہیں کی گئی بلکہ یہ فلم مذہب اسلام اور اس کی تعلیمات پر بھی جارحانہ حملہ کرتی ہے۔ ادھر جماعت اسلامی ہند نے ایک بیان میں کہاہےکہ یہ فلم ہندوستان کے تکثیری سماج میں مسلمانوں کی امیج کو خراب کرنے اور اسلام کو بدنام کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے جس کی ریلیز پر روک لگانا ضروری ہے۔
مسلم دانشوروں، قائدین اور عوام سے اپیل کی گئی ہے وہ خط لکھ کر سنسر بورڈ آف انڈیا کے پاس اپنا احتجاج درج کروائیں۔


































