
کراچی: سندھ حکومت نے اقتصادی تعاون اور ثقافت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے، جس کے تحت سندھ حکومت اور ایران کے صوبہ خراساں رضوی کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ اس اہم تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ایرانی وفد کی سربراہی ڈاکٹر غلام حسین مظفری نے کی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ ان معاہدوں کا مقصد دونوں خطوں کے درمیان دوطرفہ تجارت، تعاون اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔ تقریب میں سندھ کابینہ کے ارکان، اعلیٰ حکام، تاجر رہنماؤں اور دونوں ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ یہ معاہدے نہ صرف اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مستحکم کریں گے بلکہ سیاحت اور ثقافتی تبادلے کے شعبوں میں بھی اہم پیشرفت لائیں گے, آرٹ اور فوڈ فیسٹیول سمیت سیاحت کے فروغ کے لیے نجی اور سرکاری شعبوں کے درمیان تعاون بڑھایا جائے گا۔ اس سے پہلے ڈاکٹر غلام حسین مظفری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مذہب، تاریخ اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایران کے ساتھ کئی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پْرعزم ہیں۔ ایران کے صوبائی گورنر ڈاکٹر غلام حسین مظفری نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔


































