
جنیوا : اقوام متحدہ کے ادارے انروا کے سربراہ فلپ لازارینی نے کہا ہے کہ غزہ میں مزید بارش، مزید انسانی تکالیف، مایوسی اور اموات کا سبب بن رہی ہے۔ غزہ میں ہفتے سے جاری بارش اور یخ بستہ طوفانی ہواؤں نے امداد پر اسرائیلی پابندیوں کے باعث بے گھر فلسطینیوں کے مصائب بڑھادئے ہیں۔ فلپ لازارینی نے کہا کہ فلسطینی شہری کھنڈرات کے درمیان پانی سے بھرے عارضی خیموں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ امدادی سامان اس پیمانے پر غزہ میں داخل نہیں ہو رہا جس کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی سامان کی ناکافی ترسیل نے صورتحال کو انتہائی سنگین بنا دیا ہے۔ اگر امداد کی رسائی ممکن ہو توانروا اپنی کوششیں کئی گنا بڑھا سکتی ہے۔ دوسری جانب فلسطینی حکومت کا کہنا ہے کہ شدید موسمی حالات میں بے گھر افراد کے لیے دو لاکھ تیار شدہ رہائشی یونٹس درکار ہیں۔


































