
نئی دہلی: مودی سرکار نے کسانوں کےسامنے گھٹنےٹیک دیئے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب کیا اور احتجاجی کسانوں سے معذرت کرتے ہوئے متنازع زرعی قوانین واپس لینےکا اعلان کردیا۔ بھارتی وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ اسی ماہ کے آخر میں شروع ہونے والے پارلیمانی اجلاس میں تینوں قوانین کو منسوخ کرنے کا آئینی عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ نریندر مودی نے دعویٰ کیا کہ چھوٹے کسانوں کی فلاح اور زراعت کے مفاد میں یہ قوانیں لائے گئے تھے ۔ لیکن حکومت یہ بات کسانوں کو سمجھا نہیں سکی۔ کسان رہنما یوگیندر یادو نے تینوں قوانین واپس لینے کے فیصلے کو کسانوں کی تاریخی جیت قرار دیا ہے۔ نئی دہلی کی سرحدوں پر متنازع زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج کسانوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے سے پہلے تحریک کو مزید تیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔ رواں ماہ انڈین سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ زرعی قوانین کا معاملہ عدالت میں ہے اور وہ جمعرات کو اس بات کا جائزہ لے گی کہ کیا کسانوں کو احتجاج کا حق ہے۔


































