
پیانگ یانگ: شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اس نے میزائل تجربات اپنے سخت حریف ممالک جنوبی کوریا اور امریکا پر حملے کے لیے کیے اور یہ جنگی مشقیں جاری رہیں گی۔ شمالی کوریا نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران درجنوں میزائل داغے اور جنگی طیاروں کی سمندری حدود میں پروازوں کو بڑھادیا جس پر شمالی کوریا کی فوج کا کہنا تھا کہ یہ مہمات جنوبی کوریا اور امریکی فضائیہ کی بری فوجی مشقوں کے خلاف بطور احتجاج کی گئیں۔ ہتھیاروں کے تجربات میں ڈسپریشن وار ہیڈز سے لدے بیلسٹک میزائل اور زیر زمین دراندازی کے وار ہیڈز شامل تھے جن کا مقصد دشمن کے فضائی اڈوں پر حملہ کرنا تھا۔ میزائل تجربات جنوبی کوریا اور امریکی اہداف جیسے کہ فضائی اڈوں اور آپریشن کمانڈ سسٹم کو مختلف قسم کے میزائلوں کے ساتھ “بے رحمی سے نشانہ بنانے کی مشقیں تھیں جن میں ممکنہ طور پر جوہری صلاحیت کے ہتھیار شامل تھے۔ جس پر امریکا اور جنوبی کوریا نے مشترکہ فوجی مشقیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے شمالی کوریا کو خبردار کیا کہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے نتیجے میں کِم جونگ کی حکومت کا خاتمہ ہوگا۔


































