
خرطوم : سوڈان میں فوج نے اقتدار پر قبضہ کرلیا جوائنٹ ملٹری فورسز نے وزیر اعظم عبداللہ حمدوک اور ان کی کابینہ کے چار وزراء کو گرفتار کر لیا ہے۔ وزرا کے علاوہ خود مختار کونسل کے شہری رکن محمد الفکی کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار کئے گئے وزرا میں کابینہ کے امور کے وزیر خالد عمر يوسف، وزیر اعظم کے مشیر برائے ذرائع ابلاغ فیصل محمد صالح اور وزیر صنعت ابراہيم الشيخ کے علاوہ 3 سیاسی جماعتوں کے ذمے داران بھی شامل ہیں۔ یہ جماعتیں سوڈانی کانگریس پارٹی، البعث العربی پارٹی اور یونینسٹ ایسوسی ایشن ہیں۔ دارلحکومت خرطوم میں شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ انٹرنیٹ اور فون سروس منقطع کر دی گئی ہے۔ جمہوریت پسند گروپ نے ہڑتال اورسول نافرمانی کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ فوجی بغاوت کیخلاف سڑکوں پر نکل آئیں۔ ستمبر میں انقلاب کی ناکام کوشش کے بعد سے حکومت میں شامل شہری اور عسکری حکام کے بیچ تناؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔


































