
راولپنڈی : ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے پاکستانی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر میجر جنرل محمد باقری نے جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر پھول رکھے، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ جنرل باقری نے کہا کہ دشمن ہماری سرحدوں کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لہٰذا ہمارے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون اور ہم آہنگی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مشترکہ سرحدوں کو سیل کرنے کا کام شروع کر دیا ہے، متعدد بارڈر مارکیٹس کام کر رہی ہیں اور بعض دیگر بارڈر مارکیٹس کے قیام کا کام جاری ہے، اہم بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں اضافہ کیا جائے۔ جنرل محمد باقری نے یہ بات زوردے کر کہی کہ ایران اور پاکستان کو مسلح افواج کی سطح پر دہشت گرد گروہوں اور علیحدگی پسند عناصر کے خلاف مشترکہ تعاون کرنا ہوگا تاکہ سرحدی سلامتی کو بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی حکام کے ساتھ بات چیت میں تربیت، انٹیلی جنس، فوجی مشقوں اور دفاعی صنعت کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت کریں گے، اور ہم پاکستان کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی میں اضافہ کا پختہ ارادہ رکھتے ہیں۔
ایرانی آرمی چیف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا، باہمی مفاد میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔


































