
غزہ : صیہونی فوج نے ایک بار پھر غزہ میں امداد کے متلاشیوں کو خون میں نہلادیا۔ اندھا دھند فائرنگ سے انتیس فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق امداد کے متلاشیوں کے روزانہ قتل کا تازہ واقعہ نیٹزارم کوریڈور کے قریب صلاح الدین اسٹریٹ پر پیش آیا۔ صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے سو سے زائد افراد شہید و زخمی ہوئے۔
صیہونی فوج نے زیتون محلے میں ایک گھر پر فضائی حملے میں آٹھ فلسطینی شہید اور کئی زخمی کردئے۔ المواسی کیمپ میں بے گھر افراد کے خیموں پر حملوں میں مزید آٹھ شہید کئے گئے۔ جس میں ایک خاتون اور دو بچے شامل ہیں۔ مغازی کیمپ پر ایک اور حملہ ہوا۔ جہاں میاں بیوی اور بچوں سمیت دس افراد شہید کردئے گئے۔
غزہ میں صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں میں چوبیس گھنٹوں کے دوران اکہتر فلسطینی شہید کئے گئے۔


































