
پشاور: مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخواہ کے جنرل سیکریٹری شبیر حسین ساجدی نے کہا ہے کہ خار باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے کنونشن میں دھماکے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ جانبحق افراد کے لواحقین کو صبر جمیل اور زخمیوں کو شفاء نصیب کرے۔ آئی جی سے گزارش ہے کہ صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کے خلاف عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کو کچلے بغیر امن و سکون اور تعمیر و ترقی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھانے ہونگے، دہشتگردوں کیخلاف روایتی اور غیر سنجیدہ آپریشن اور اقدامات سے دیر پا امن قائم کرنا ممکن نہیں۔ پی ڈی ایم اور اسٹیبلیشمنٹ جاتے جاتے ملک پر یہی ایک رحم کرے کہ دہشت گردوں کو گود سے اتار کر سختی سے نمٹنے کیلئے اقدات کریں کیونکہ دہشتگرد کسی شخصیت، پارٹی، گروہ، فرقے یا ملک کے دوست اور خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔


































