
رام اللہ : فلسطینی صدر نے اعلان کیا ہے کہ جنگ کے اختتام کے ایک سال کے اندر صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کرائے جائیں گے اور عبوری آئین کے مسودے کو تین ماہ میں تیار کیا جائے گا تاکہ اتھارٹی سے ریاست کی منتقلی ممکن ہو سکے۔صدر محمود عباس نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی قوم ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلے پر کھڑی ہے، جہاں ہر شہری کو قربانیوں سے حاصل شدہ کامیابیوں کے تحفظ کی ذمہ داری سنبھالنی ہوگی۔ صدر نے واضح کیا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت یا فرد انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا جب تک وہ فلسطینی لبریشن آرگنائزیشن کے سیاسی پروگرام، دو ریاستی حل، عرب امن منصوبہ، بین الاقوامی قانونی قراردادیں اور ایک نظام، ایک قانون، ایک قانونی سیکیورٹی فورس کے اصول پر کاربند نہ ہو۔ صدر نے مزید کہا کہ حکومت کو ہدایت دی گئی ہے کہ تعلیمی نصاب کو یونیسکو کے معیار کے مطابق دو برسوں میں جدید بنایا جائے۔ انہوں نے قومی شناخت، امن، اور عدم تشدد کے اصولوں پر ثابت قدم رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔


































