
میڈرڈ : ہسپانوی وزیر خارجہ جوز مینوئل الباریس نے کہاہے کہ میڈرڈ گروپ اتوار کو اجلاس منعقد کرے گا تاکہ اسرائیل پر غزہ میں فوجی کارروائی روکنے کے لیے سفارتی دباؤ بڑھایا جائے۔ ہسپانوی وزیر خارجہ جوز مینوئل الباریس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم یورپی یونین بلکہ یورپی یونین سے باہر کی آوازوں کو عرب اور اسلامی ممالک میں بھی متحرک کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ہی چیز چاہتے ہیں اور وہ ہے جنگ کا خاتمہ، غزہ کو اجتماعی قبرستان بننے سے روکنا اور اسرائیلی ناکہ بندی کو توڑنا. انہوں نے جون میں ہونیوالی اقوام متحدہ کی ایک کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم دو ریاستی حل کو حتمی شکل دینے اور اس پر عمل درآمد کے مقصد سے اقوام متحدہ کے اجلاس میں اپنی تمام تر حمایت، طاقت اور سفارتی صلاحیت کا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ کانفرنس میں فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر وسیع تر تسلیم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔


































