
بیروت : لبنانی کابینہ نے امریکی دباؤ پر حزب اللہ سمیت تمام مزاحمتی تنظیموں کو غیر مسلح کرنے کی تجاویز کی منظوری دیدی۔ کابینہ کے پہلے اجلاس میں گرما گرم بحث کے بعد تحریک امل اور حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے وزیروں نے بائیکاٹ کیا۔ وزراء نے کہا کہ بعض سیاسی رہنما بیرونی دباؤ میں آکر ملکی مفادات اور اتحاد کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
حزب اللہ اور امل تحریک کے وزرا کی غیر موجودگی میں بلائے گئے دوسرے اجلاس میں کابینہ نے امریکی تجاویز کی منظوری دیدی۔وزیر اعظم نواف سلام نے کہا کہ امریکی تجویز کی منظوری کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہتھیاروں کا قبضہ صرف ریاست تک محدود ہو۔
حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے نائب سربراہ محمود کوماتی نے لبنانی حکومت کے فیصلے کو ذلت آمیز اور اسرائیل اور امریکہ کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے مترادف قرار دیا۔
کابینہ کے فیصلے کے بعد حزب اللہ کے ہزاروں حامی دارالحکومت بیروت سمیت کئی شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ متنازع فیصلے کو واپس لے۔


































