
لاہور : مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام کراچی اور اسلام آباد کے بعد لاہور میں تیسرا بڑا فلسطین مارچ کیا گیا۔ تاریخی مال روڈ پر حمایت فسلطین مارچ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ فضا لبیک یا غزہ کی صداوں سے گونجتی رہی۔
مارچ کا آغاز پنجاب اسمبلی کے سامنے سے ہوا اور اختتام امریکی قونصل خانہ کے سامنے ہوا۔ مارچ کی قیادت سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ تاریخ ساز مارچ نے ثابت کردیا کہ پاکستانیوں کا دل مظلوم فسلطینیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ اسرائیل بیانیے کی جنگ ہار گیا ہے۔ آج دنیا امریکہ و اسرائیل کے ظلم و بربریت کے خلاف باہر نکل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گریٹر اسرائیل اور ڈیل آف سینچری ناکام ہو چکی ہے تیسرا کارڈ نارملائیزیش کا کھیلا گیا، حماس کی مزاحمت نے آج اس بات کو واضح کر دیا جو بھی قاتل رجیم کے ساتھ ہے وہ ظالمین میں سے ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ فلسطینی دو ریاستی حل کو نہیں مانتے ہیں اسرائیل بھی صرف اپنا وجود چاہتا ہے لیکن نہیں معلوم ہمارے حکمران کس منہ سے کس سے پوچھ کر یہ بیانیہ چلا رہے ہیں۔ بانی پاکستان قائد آعظم رح نےکہا تھا اسرائیل ناجائز ریاست ہے۔ پاکستان میں اسرائیل کےلئے کام کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن میں امریکی ایجنٹوں کو شکست دیکر فسلطینیوں کا انتقام لیں گے۔


































