
حوزہ علمیہ جامعة المنتظر میں 76 ویں یوم آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں طلباء اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر قومی ترانہ پڑھا گیا۔ وفاق المدارس الشیعہ کے سیکرٹری جنرل اور جامعة المنتتظر کے مہتمم اعلیٰ علامہ محمد افضل حیدری نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد افضل حیدری نے کہا کہ برصغیر میں وطن عزیز پاکستان کا حصول ہمارے بزرگوں کا عظیم کارنامہ ہے اور آئندہ نسلوں کیلئے تحفہ ہے، یہ اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج انڈیا میں مسلمانوں کے جو حالات ہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آزادی کتنی عظیم نعمت ہے، اسی طرح فلسطین کے لوگ آزادی کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بچانے کیلئے ہمیں قوم بننا پڑے گا۔ علامہ افضل حیدری کا کہنا تھا کہ ملک میں متنازعہ قانون سازی قبول نہیں، متعصبانہ قوانین سے ملک میں فرقہ واریت اور دہشت گردی پھیلی، اس سے ملک کو بہت نقصان ہوا، ہمیں ایک قوم بن کر مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔


































