
بیروت : یمن پر سعودی اتحاد کی بمباری کیخلاف لبنانی وزیر اطلاعات کے بیان سے تنازع شدت اختیار کر گیا۔ سعودی عرب اور بحرین کے بعد کویت نے بھی لبنانی ناظم الامور کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا اور لبنان میں کویتی سفیر کو مشاورت کے لیے طلب کرلیا ہے۔ جبکہ متحدہ عرب امارات نے بھی بیروت سے اپنا سفیر واپس بلا لیا اور اماراتی شہریوں کو بھی لبنان کا سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔گذشتہ روز سعودی عرب نے لبنان کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے کر لبنان سے ہر قسم کی درآمدات کو روک دیا تھا۔ لبنانی وزیراعظم نے سعودی عرب کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ جبکہ صدر مشیل عون کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے بہترین تعلقات چاہتے ہیں، دوطرفہ معاہدوں کے ذریعے سعودی عرب سے بہترین تعلقات کے خواہاں ہیں۔ سفارتی تنازع حل کرنے کے لیے نمائندے مقرر کر دیئے ہیں۔ ادھر صورتحال پر غور کیلئے خلیج تعاون کونسل کا اجلاس آج ہو گا۔


































