
مظفرآباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہندوستانی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ لوگوں کو مایوس اور نا امید نہیں ہونا چاہیے۔ کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ تھا نہ ہوگا۔ کوئی عدالت کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرسکتی۔ انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق کوئی یکطرفہ اقدام قابلِ قبول نہیں۔ سپریم کورٹ نے زمینی حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے کشمیر پر سیاسی عزائم پر مبنی غیر قانونی اور غیر منصفانہ فیصلہ دیا۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا جو کچھ جموں و کشمیر میں ہو رہا ہے پاکستان اس سے لاتعلق نہیں رہ سکتا، کشمیریوں کو طاقت کے زور پر زیر کرنے کا ہندوستانی خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔


































