
کراچی: کراچی میں زکواۃ اور راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 12 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔ واقعہ سائٹ کےعلاقے میں پیش آیا۔ ایک فیکٹری کی جانب سے مفت راشن اور زکواۃ بانٹنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ موجودہ مہنگائی نے لوگوں کی آمدنی اتنی محدود اور مسائل اتنے لامحدود کردیے ہیں کہ سینکڑوں لوگ فیکٹری کے گیٹ پر جمع ہوگئے، ان میں مرد اور خواتین ہی نہیں، بڑی تعداد میں بچے بھی شامل تھے، فیکٹری کا گیٹ کھلتے ہی لوگوں کا ریلہ اندھادھند اندر داخل ہوا، اسی دوران وہاں موجود پائپ پھٹنے سے ہر طرف پانی پھیلا تو بھگدڑ مچ گئی۔جس کے باعث تین بچے اور نو خواتین جاں بحق جبکہ متعدد افراد بے ہوش ہوگئے۔ بھگدڑ کے باعث قریبی نالے کی دیوار بھی ٹوٹی اور کئی لوگ اس میں جاگرے۔ متعدد افراد زخمی ہوش ہوگئے، 15 زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ انتظامیہ نے فیکٹری سیل کردی، پولیس نے فیکٹری کے منیجر سمیت 7 افراد کو حراست میں لے لیا۔


































