
لندن : سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ استمھ نے ایلون مسک کے سوشل پلیٹ فارم پر عمران خان سے متعلق پوسٹس کو محدود کرنے کا الزام لگایا ہے۔ جمائما گولڈسمتھ نے انسٹاگرام اور ایکس پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں بتایا کہ گروک کے مطابق جب وہ عمران خان کی جیل میں حالت، قید یا اپنے بیٹوں کی والد سے ملاقات کے بارے میں پوسٹ کرتی ہیں تو ایکس کا الگورتھم ان پوسٹس کو محدود کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام نے عمران خان کے قریبی حلقے کی تنقید کو اپنی آن لائن نگرانی کی اولین ترجیح بنا رکھا ہے۔ اور ایکس پاکستانی حکام سے خاموشی سے تعاون کررہا ہے تاکہ یہ پلیٹ فارم پاکستان میں چلتا رہے۔
جمائما گولڈسمتھ نےکہا کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں اور ان کے نام اور تصویر دکھانے پر پاکستان کے ہر ٹی وی اور ریڈیو چینل پر پابندی ہے۔’اس وجہ سے ایکس ہی واحد آزاد پلیٹ فارم تھا جہاں اس ناانصافی کو اُجاگر کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے گروک کی فراہم کردہ معلومات کا حوالہ دیا جن کے مطابق 2025 میں ایکس پر ان کی اپنی پوسٹس دیکھنے والوں کی تعداد ستانوے فیصد کم ہو گئی۔


































