
اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ برطانیہ میں چند افراد کے قابل مذمت اعمال کو پورے سترہ لاکھ برطانوی پاکستانیوں کی کمیونٹی کے ساتھ جوڑنا درست نہیں۔ ارب پتی ایلون مسک کے سوشل میڈیا پر برطانیہ میں ایشین گرومنگ گینگز کی اصطلاح پر شروع ہونیوالی بحث پر پاکستانی دفتر خارجہ نے ردعمل جاری کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے برطانیہ میں نسل پرستانہ اور اسلاموفوبیا پر مبنی سیاسی اور میڈیا کے بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ دوستی پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے ایک ایسا رشتہ قرار دیا جو گرمجوشی، دوستی، مضبوط تعاون اور اعتماد پر مشتمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی دہائیوں سے پروان چڑھا یہ تعلق پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ایک اہم ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ایک بڑی اور متنوع کمیونٹی کو چند افراد کے اعمال کی بنیاد پر بدنام کرنا قابل مذمت ہے۔


































